کولکاتہ ، 25/ اگست (ایس او نیوز /ایجنسی) سی بی آئی کولکاتہ کے آر جی کار میڈیکل کالج اور اسپتال کے سابق پرنسپل سندیپ گھوش پر اپنی گرفت مضبوط کر رہی ہے۔ سی بی آئی، جو آر جی کار اسپتال میں ایک جونیئر ڈاکٹر کے عصمت دری اور قتل کیس کی تحقیقات کر رہی ہے، کولکاتہ میں کئی مقامات پر چھاپے مار رہی ہے۔ یہ چھاپہ آر جی کار اسپتال میں بدعنوانی کے معاملے کے سلسلے میں مارا جا رہا ہے۔
دوسری طرف سی بی آئی کی ایک ٹیم بھی آر جی کار اسپتال کے سابق پرنسپل سندیپ گھوش کے گھر پہنچی، لیکن انہوں نے تقریباً ایک گھنٹے بعد دروازے کھولے۔ سی بی آئی کی ایک ٹیم آر جی کار اسپتال کے فارنسک ڈپارٹمنٹ کے ڈاکٹر دیباشیش سوم کے گھر بھی پہنچی ہے۔ دیباشیش سوم کو سندیپ گھوش کے بہت قریب سمجھا جاتا ہے۔ دیباشیش کا گھر کیشٹو پور، کولکاتہ میں ہے۔
سی بی آئی نے سندیپ گھوش کے خلاف اسپتال میں بدعنوانی کے معاملے میں نئی ایف آئی آر درج کی ہے۔ یہ تلاشی مہم مالی بے ضابطگیوں کے سی بی آئی کی طرف سے درج کیس میں چلائی جا رہی ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ سی بی آئی کو کچھ سراغ مل گئے ہیں۔ سی بی آئی کی کئی ٹیمیں اینٹلی میں آر جی کار ہسپتال کے سابق سپرنٹنڈنٹ کے گھر پہنچیں۔
ہوڑہ میں آر جی کار اسپتال کے ٹھیکیدار بپلب سنہا کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا۔ سی بی آئی کی اینٹی کرپشن یونٹ کولکاتہ میں کئی مقامات پر چھاپے مار رہی ہے۔ سی بی آئی کی ٹیمیں کولکاتہ میں کچھ اور جگہوں پر بھی چھاپے مار رہی ہیں، جن میں ہوڑہ بھی ایک مقام ہے۔ اسپتال سے وابستہ لوگوں کے گھروں میں بھی سی بی آئی کا تلاشی آپریشن جاری ہے۔
حکام نے بتایا کہ مرکزی تفتیشی ایجنسی کولکاتہ میں 14 دیگر مقامات پر بھی چھاپے مار رہی ہے جس میں ملزم اور اس کے ساتھیوں کے ٹھکانے بھی شامل ہیں۔ میڈیکل کالج 9 اگست کو اپنے کانفرنس ہال میں ایک جونیئر ڈاکٹر کی مبینہ عصمت دری اور قتل کے بعد سے خبروں میں ہے۔ اس معاملے میں ملزم سنجے رائے کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ کلکتہ ہائی کورٹ کی ہدایت پر سی بی آئی نے قتل کے ساتھ ساتھ مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے معاملے درج کیے ہیں۔